اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اسلام آباد میں فارس نیوز کے نمائندے کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ حضرت امام خمینی (رح) نے دنیا کے عوام کو فلسطین کے مسئلے کے بارے میں خبردار کیا تھا اور اسی لئے حضرت امام خمینی (رح) نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کے لئے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے عنوان سے منانے کا اعلان کیا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان، ہر سال امام خمینی (رح) کے فرمان پر لبیک کہتے ہوئے جمعۃ الوداع کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ریلیاں نکالتے ہیں اور اس سال بھی مشرق وسطی کے حساس حالات کے پیش نظر اور غزہ پر صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو دیکھتے ہیں عالمی یوم القدس ہر سال سے زیادہ جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے غزہ پر غاصب صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں اور کھلی بربریت کو نسل کشی اور جنگی جرائم قرار دیا اور عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ پر صہیونی جارحیت رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲